پشاور (ویب ڈیسک): جاپانی سفارت خانے اور پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن (PJCA) خیبر پختونخوا کے اشتراک سے گندھارا یونیورسٹی پشاور میں دو روزہ “جاپانی کیلنڈرز نمائش 2026” کا انعقاد کیا گیا۔ یہ نمائش 29 اور 30 جنوری کو جاری رہی۔
نمائش کا باقاعدہ افتتاح پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کے پی کے کی صدر مسرز روئیدہ کبیر نے کیا۔ اس موقع پر گندھارا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسن خان، جناب غلام نورانی سیٹھی، اور پی جے سی اے کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسماعیل قمر سمیت فیکلٹی ممبران، عملے اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

جاپانی کیلنڈرز کی یہ نمائش جاپانی سفارت خانے کی سالانہ ثقافتی سرگرمیوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس سال جاپان کیلنڈرز ایسوسی ایشن ٹوکیو کے تعاون سے تقریباً 80 کیلنڈرز نمائش کے لیے رکھے گئے۔
ان کیلنڈرز میں جاپان کے روایتی اور عصری فنون، کھیلوں، آٹوموبائل، فطرت، ثقافتی ورثہ اور فنِ تعمیر کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔

یہ نمائش نہ صرف صدیوں پر محیط جاپان کی سماجی و ثقافتی ترقی کی عکاسی کرتی ہے بلکہ جاپانی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے اعلیٰ معیار اور جمالیاتی حسن کو بھی ظاہر کرتی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسرز روئیدہ کبیر نے جاپانی کیلنڈرز کے تنوع کی تعریف کی اور اسے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے پاکستان اور جاپان کی دوستی زندگی کے تمام شعبوں میں مزید پروان چڑھے گی۔
