ورلڈ کپ 2026: پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ، ایونٹ میں شرکت کی مشروط اجازت

پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں تو شرکت کرے گی

Editor News

اسلام آباد/دبئی: حکومتِ پاکستان نے اتوار کے روز ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں تو شرکت کرے گی، لیکن 15 فروری کو شیڈول بھارت کے خلاف میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔

“پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2026 میں شرکت کی منظوری دی جاتی ہے، تاہم ٹیم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہیں کھیلے گی۔”

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب آئی سی سی نے لاجسٹک مسائل اور سیکیورٹی تنازع کی بنیاد پر بنگلہ دیش کو ورلڈ کپ سے باہر کر کے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔ بنگلہ دیش نے بھارت میں کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس پر پاکستان نے بنگلہ دیشی موقف کی کھل کر حمایت کی تھی۔


پاکستان کے اس فیصلے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ:کھیل کی روح کے خلاف: کسی مخصوص میچ میں شرکت نہ کرنا کھیل کی روح اور مقابلوں کے تقدس کو متاثر کرتا ہے۔

آئی سی سی نے خبردار کیا ہے کہ اس فیصلے کے دور رس اثرات ہوں گے اور یہ پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل اور عالمی کرکٹ ایکو سسٹم کے لیے بہتر نہیں ہے۔

چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی سی سی کے رویے کو “دوہرا معیار” قرار دیتے ہوئے کہا:”آپ دوہرے معیار نہیں رکھ سکتے۔ ایک ملک (بھارت) کے لیے الگ قانون اور دوسروں کے لیے الگ نہیں ہو سکتا۔ بنگلہ دیش کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، وہ کرکٹ کا اہم سٹیک ہولڈر ہے۔”

پاکستان کے تمام میچز پاک بھارت کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سری لنکا (کولمبو) میں شیڈول ہیں۔

پاکستان اپنا پہلا میچ ہفتہ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں کھیلے گا۔

اگر پاکستان بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلتا تو اسے 2 پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا، جبکہ اس سے ٹورنامنٹ کی آمدنی اور تجارتی مفادات کو بھی شدید دھچکا لگے گا۔

سابق کرکٹر کامران اکمل نے بھی اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسلسل کھیل میں سیاست کو شامل کر رہا ہے، اس لیے حکومت کا یہ سخت موقف درست ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *