فرانس: 15 سال سےکم عمربچوں کیلئےسوشل میڈیاپر پابندی کابل منظور

اس اقدام کا بنیادی مقصد کم عمر بچوں کو آن لائن ہراسانی، نفسیاتی الجھنوں اور ذہنی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

Editor News

پیرس(ویب ڈیسک): فرانسیسی ایوانِ زیریں (قومی اسمبلی) نے ایک اہم قانون سازی کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا بل منظور کر لیا ہے۔ اس قانون کو باقاعدہ نافذ العمل ہونے کے لیے اب سینیٹ کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد کم عمر بچوں کو آن لائن ہراسانی، نفسیاتی الجھنوں اور ذہنی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

بل میں تجویز دی گئی ہے کہ اسمارٹ فونز پر پابندی کا دائرہ کار مڈل اسکولوں سے بڑھا کر ہائی اسکولوں تک کر دیا جائے تاکہ تعلیمی معیار اور طلبا کی توجہ برقرار رہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا کا بے جا استعمال نوجوان نسل میں پرتشدد رویوں اور ذہنی دباؤ کی ایک بڑی وجہ بن رہا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں اس پابندی کے بڑے حامی ہیں اور وہ فرانس میں آسٹریلیا جیسے سخت قوانین نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ نوجوانوں کے رویوں میں بہتری لانے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ریگولیٹ کرنا ناگزیر ہے۔

سینیٹ سے منظوری کی صورت میں فرانس دنیا کے ان چند ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا جہاں بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر سخت قانونی گرفت موجود ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *