نیویارک: دنیا کے امیر ترین بزنس مین ایلون مسک نے ایک بار پھر واٹس ایپ کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ یہ ایپ اتنی محفوظ نہیں ہے جتنا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے۔
ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر دو ٹوک الفاظ میں لکھا کہ “واٹس ایپ محفوظ نہیں ہے” اور صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ ‘X چیٹ’ (X Chat) استعمال کریں۔
ایلون مسک کا یہ بیان ‘بلومبرگ’ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکہ میں میٹا (Meta) کے خلاف ایک بڑا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ سان فرانسسکو کی عدالت میں دائر اس مقدمے میں واٹس ایپ کے ‘اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن’ (End-to-End Encryption) کے دعوے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا، برازیل، میکسیکو اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے صارفین نے الزام لگایا ہے کہ میٹا صارفین کو پرائیویسی کے معاملے میں گمراہ کر رہا ہے۔
مدعیان کا دعویٰ ہے کہ واٹس ایپ پیغامات کو اسٹور اور تجزیہ کرتا ہے، اور میٹا کے ملازمین ممکنہ طور پر ان پیغامات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
شکایت میں گمنام ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے جنہوں نے میٹا کے اندرونی طریقہ کار پر سوال اٹھائے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی تکنیکی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔
