ویب ڈیسک : میٹا نے صارفین کی سہولت کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام کا مشترکہ سپورٹ ہب متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اب دونوں پلیٹ فارمز کے صارفین کو مدد حاصل کرنے کے لیے مختلف حصوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ ایک مرکزی جگہ سے تمام معاونت حاصل کرسکیں گے۔
اس نئے ہب کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹس سے متعلق مسائل کی رپورٹنگ زیادہ آسانی سے کر سکیں گے جبکہ عام سوالات کے جوابات بھی پہلے کے مقابلے میں تیزی اور آسانی سے دستیاب ہوں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اکثر مفید سیٹنگز اور معلومات مختلف فیچرز میں چھپی رہتی ہیں، اس لیے اس مرکز کا مقصد تمام ضروری مدد کو ایک جگہ جمع کرنا ہے۔
میٹا کے مطابق یہ سپورٹ ہب دنیا بھر میں آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بتدریج متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ، کمپنی نے ایک نئے اے آئی سپورٹ اسسٹنٹ کا اعلان بھی کیا ہے جو پہلے فیس بک پر آزمائشی طور پر متعارف ہوگا اور بعد میں میٹا کی دیگر ایپس پر بھی دستیاب ہوگا۔
ساتھ ہی، میٹا اکاؤنٹ ریکوری کے عمل کو بھی مزید آسان بنا رہی ہے۔ ایسے صارفین جن کے اکاؤنٹس ہیک ہونے یا غلطی سے لاک ہونے کی وجہ سے بند ہو جاتے ہیں، اب انہیں زیادہ واضح اور سادہ رہنمائی فراہم کی جائے گی، جو ہر صورتحال کے مطابق ہوگی۔ کمپنی صارفین کو اضافی سکیورٹی تجاویز بھی دے گی تاکہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو بہتر انداز میں محفوظ رکھ سکیں۔
