میٹا نے اے آئی اسمارٹ گلاسز کے لیے نیا اپڈیٹ متعارف کرا دیا

یہ سافٹ ویئر اپڈیٹ (ورژن 21) ابتدائی طور پر میٹا کے ارلی ایکسس پروگرام میں شامل صارفین کے لیے دستیاب ہوگا

Editor News

سان فرانسسکو(ویب ڈیسک): میٹا نے منگل کے روز اپنے اے آئی اسمارٹ گلاسز کے لیے ایک نیا اپڈیٹ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت شور والے ماحول میں بات کرنے والے افراد کی آواز زیادہ واضح طور پر سنی جا سکے گی۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا اور کینیڈا میں رے بین میٹا اور اوکلی میٹا HSTN اسمارٹ گلاسز پر دستیاب ہوگا۔

میٹا کے مطابق اس اپڈیٹ کے تحت اسمارٹ گلاسز میں ایک اور نیا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنی موجودہ نظر آنے والی چیز کے مطابق اسپاٹیفائی پر گانا چلا سکیں گے۔ مثال کے طور پر اگر صارف کسی البم کور کو دیکھ رہا ہو تو گلاسز اسی فنکار کا گانا چلا سکتے ہیں، یا اگر کرسمس ٹری اور تحائف نظر آ رہے ہوں تو تہواری موسیقی چلائی جا سکتی ہے۔ اگرچہ یہ فیچر زیادہ تر تفریحی نوعیت کا ہے، تاہم یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ میٹا کس طرح صارف کی بصری معلومات کو ایپس میں عملی اقدامات سے جوڑنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب گفتگو پر توجہ مرکوز کرنے والا فیچر زیادہ عملی سمجھا جا رہا ہے۔ اس کا اعلان رواں سال کے آغاز میں میٹا کی کنیکٹ کانفرنس میں کیا گیا تھا۔ اس فیچر کے ذریعے اسمارٹ گلاسز کے اوپن ایئر اسپیکرز بات کرنے والے شخص کی آواز کو نمایاں کر دیں گے۔ میٹا کے مطابق صارف گلاسز کے دائیں بازو (ٹیمپل) پر سوائپ کر کے یا ڈیوائس سیٹنگز کے ذریعے آواز کی شدت کو ایڈجسٹ بھی کر سکیں گے، تاکہ مصروف ریستوران، بار، کلب، مسافر ٹرین یا کسی اور شور والی جگہ کے مطابق آواز کا لیول سیٹ کیا جا سکے۔

تاہم یہ جانچنا ابھی باقی ہے کہ یہ فیچر عملی طور پر کس حد تک مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ سماعت میں مدد کے لیے اسمارٹ ڈیوائسز کا استعمال صرف میٹا تک محدود نہیں۔ ایپل کے ایئرپوڈز میں پہلے ہی کنورسیشن بوسٹ فیچر موجود ہے، جبکہ پرو ماڈلز میں حال ہی میں طبی معیار کے ہیئرنگ ایڈ فیچر کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔

میٹا کے مطابق گفتگو پر توجہ مرکوز کرنے والا فیچر فی الحال صرف امریکا اور کینیڈا تک محدود رہے گا، جبکہ اسپاٹیفائی فیچر انگریزی زبان میں کئی دیگر ممالک میں بھی دستیاب ہوگا، جن میں آسٹریلیا، آسٹریا، بیلجیم، برازیل، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، بھارت، آئرلینڈ، اٹلی، میکسیکو، ناروے، اسپین، سویڈن، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا شامل ہیں۔

یہ سافٹ ویئر اپڈیٹ (ورژن 21) ابتدائی طور پر میٹا کے ارلی ایکسس پروگرام میں شامل صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، جس کے لیے ویٹ لسٹ میں شامل ہونا اور منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ بعد ازاں یہ اپڈیٹ مرحلہ وار دیگر صارفین کو بھی فراہم کر دیا جائے گا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *