میلان/روم(ویب ڈیسک) : اٹلی میں منعقد ہونے والے 2026 کے سرمائی اولمپکس میں امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کی شمولیت کی خبروں نے اٹلی کے سیاسی حلقوں اور عوامی سطح پر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ میلان کے میئر جوزیپے سالا نے امریکی ایجنسی کو “قاتل ملیشیا” قرار دیتے ہوئے شہر میں ان کے داخلے کی شدید مخالفت کی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (AFP) کو دیے گئے ایک بیان میں ‘آئس’ نے تصدیق کی ہے کہ اس کا شعبہ ‘ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز’ (HSI) امریکی محکمہ خارجہ کے ساتھ مل کر سیکورٹی فرائض سرانجام دے گا۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ان کا کام بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہوں کے خطرات کو کم کرنا اور سیکورٹی کی جانچ پڑتال (vetting) کرنا ہے۔ ادارے نے واضح کیا کہ:
اٹلی میں تمام سیکورٹی آپریشنز اطالوی حکام کی نگرانی میں ہوں گے۔
یہ آپریشنز امریکہ میں جاری امیگریشن کریک ڈاؤن سے بالکل الگ ہیں۔
ایجنسی کسی دوسرے ملک میں امیگریشن قوانین نافذ کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
اٹلی، بالخصوص میلان میں اس ایجنسی کی موجودگی پر غصے کی بڑی وجہ امریکہ کے شہر منی ایپلس (Minneapolis) میں ہونے والے حالیہ واقعات ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن کریک ڈاؤن کے دوران آئس ایجنٹوں کے ہاتھوں دو شہریوں، رینی گُڈ اور ایلکس پریٹی کی ہلاکت نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
میلان کے میئر جوزیپے سالا نے ریڈیو پر سخت بیان دیتے ہوئے کہا “یہ ایک ایسی ملیشیا ہے جو جانیں لیتی ہے… یہ واضح ہے کہ میلان میں ان کا کوئی خیر مقدم نہیں ہے۔ کیا ہم ایک بار (امریکی صدر) ٹرمپ کو ‘نا’ نہیں کہہ سکتے؟”
یورپی پارلیمنٹ کے رکن الیسانڈرو زان نے بھی اسے ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی میں ان لوگوں کی جگہ نہیں جو انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، امریکی نائب صدر جے ڈی وانس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو 6 فروری کو میلان میں افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ لومبارڈیا ریجن کے صدر اٹیلیو فونٹانا نے پہلے یہ کہا تھا کہ ‘آئس’ کا کردار صرف ان وی آئی پیز کی حفاظت تک محدود ہوگا، تاہم بعد میں ان کے دفتر نے اس بیان کو محض ایک “فرضی سوال کا جواب” قرار دے کر بات گھمانے کی کوشش کی۔
دوسری جانب، اطالوی وزیر داخلہ ماتیو پیانٹیڈوسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ‘آئس’ بطور ادارہ اٹلی میں کوئی آزادانہ کارروائی نہیں کرے گا۔ڈوسی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ‘آئس’ بطور ادارہ اٹلی میں کوئی آزادانہ کارروائی نہیں کرے گا۔
