نیویارک : نیویارک سٹی انتظامیہ نے منگل کے روز تمام اسکول دوبارہ کھولنے کا ہدف مقرر کیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس کا حتمی فیصلہ برف باری اور موسم کی شدت کو دیکھ کر کیا جائے گا۔
نیویارک سٹی اسکولز چانسلر کمار سیموئلز کے مطابق عملہ اسکولوں تک رسائی ممکن بنانے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے۔ برف ہٹانے والی مشینوں (Plows) کا استعمال، نمک کا چھڑکاؤ اور بیلچوں کی مدد سے راستوں کی صفائی جاری ہے تاکہ طلبہ کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ چانسلر نے واضح کیا کہ اسکول صرف اسی صورت کھلیں گے جب موسم اجازت دے گا۔
میئر زہران ممدانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسکول کھولنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ جلد سنا دیا جائے گا۔پیر کے روز اسکولوں میں چھٹی کے بجائے آن لائن کلاسز (Remote classes) کا انعقاد کیا گیا۔
میئر کے مطابق، مجموعی طور پر 5 لاکھ طلبہ اور عملے کے لیے آن لائن کلاسز کا شیڈول تھا، جس میں سے تقریباً 4 لاکھ افراد نے لاگ ان کر کے تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
توقع ہے کہ پیر کی دوپہر تک طوفان خطے سے گزر جائے گا، لیکن شدید سردی اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان برقرار ہے۔ شہر میں تاحال ‘کوڈ بلیو’ نافذ ہے، جس کا مطلب ہے کہ سردی کی شدت انسانی جانوں کے لیے ابھی بھی خطرناک ہو سکتی ہے۔
انتظامیہ نے والدین اور طلبہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسکولوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے آفیشل الرٹس پر نظر رکھیں۔
