نوشہرہ(ویب ڈیسک): پاکستان میں متعین امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بین الاقوامی فوڈ چین کے ایف سی (KFC) کی نئی شاخ کا باضابطہ افتتاح کیا اور سماعت سے محروم بچوں کے لیے قائم ڈیف ریچ اسکول (Deaf Reach School) کا دورہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیٹلی بیکر نے کہا کہ کے ایف سی جیسے امریکی کاروباری ادارے نہ صرف مقامی کمیونٹی کی معاشی ترقی میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں بلکہ خیبرپختونخوا میں باہمی معاشی خوشحالی کے مواقع بھی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی برانڈز اور پاکستانی شراکت داروں کا یہ ملاپ مقامی معیشت کی مضبوطی کے لیے ایک رول ماڈل ہے۔
ناظم الامور نے فیملی ایجوکیشن سروسز فاؤنڈیشن (FESF) کے زیر انتظام چلنے والے ڈیف ریچ اسکول کے کام کو سراہا۔ انہوں نے اسکول کے بانیوں، رچرڈ گیئری اور ہیڈی گسٹانسکی-گیئری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا:
“ہم فیملی ایجوکیشن سروسز فاؤنڈیشن کے شاندار کام سے بے حد متاثر ہیں۔ یہ ادارہ سماعت سے محروم بچوں کو تعلیم اور فنی تربیت فراہم کر کے انہیں معاشرے کا فعال حصہ بنانے میں مصروفِ عمل ہے۔”
امریکی سفارت خانے کے مطابق پاکستان میں اس وقت 80 سے زائد امریکی کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جن سے لاکھوں پاکستانیوں کو براہِ راست اور بالواسطہ روزگار میسر ہے۔ نیٹلی بیکر کا یہ دورہ پاک-امریکہ تجارتی تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ خوشحالی کے عزم کا عکاس ہے۔
