نیویارک: نیویارک میئر ظہران ممدانی نے برفانی طوفان ‘فرن’ (Storm Fern) کے پیشِ نظر نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں میں روایتی ‘سنو ڈے’ (برف باری کی چھٹی) کی امیدوں کو ختم کرتے ہوئے پیر کے روز آن لائن کلاسز کا اعلان کر دیا ہے۔
نیویارک سٹی کے تقریباً 5 لاکھ طلبہ پیر کے روز آئی پیڈز اور لیپ ٹاپس کے ذریعے گھروں سے کلاسز میں شرکت کریں گے۔
میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ شہریوں کی حفاظت کے لیے کیا گیا ہے کیونکہ برف باری کی وجہ سے حالات خطرناک ہو سکتے ہیں۔
1,100 سرکاری اسکولوں کی عمارتیں بند رہیں گی، تاہم چھٹی سے آٹھویں جماعت اور ہائی اسکول کے طلبہ کے لیے پہلے سے طے شدہ ‘پروفیشنل لرننگ ڈے’ کی وجہ سے چھٹی ہوگی۔
میئر نے وضاحت کی کہ دیوالی، عید اور قمری نئے سال جیسی تعطیلات کی شمولیت کے بعد، سالانہ 180 تعلیمی دن پورے کرنے کے لیے برف باری کی اضافی چھٹیاں دینا مشکل ہو گیا ہے۔
والدین نے اس فیصلے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے: والدین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بچوں کا بچپن چھینا جا رہا ہے اور انہیں سارا دن اسکرین کے سامنے بیٹھنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
کچھ والدین نے شکایت کی کہ کام کرنے والے افراد کے لیے بچوں کی آن لائن کلاسز کی ذمہ داری سنبھالنا مشکل ہوگا۔
شہر کے سب سے بڑے چارٹر اسکول نیٹ ورک ‘سکسیس اکیڈمی’ (Success Academy) نے میئر کے فیصلے کے برعکس پیر کو مکمل چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ نے والدین کو پیغام بھیجا کہ وہ بچوں کے ساتھ برف میں کھیلیں، اسنو مین بنائیں یا کتابیں پڑھ کر اس موسم کا لطف اٹھائیں۔
