ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: بنگلادیش کا بھارت نہ جانے کا فیصلہ برقرار

اگر وہ اپنے مؤقف پر قائم رہا تو اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کسی اور ٹیم سے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے

Editor News

ڈھاکہ(ویب ڈیسک): بنگلادیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت جانے سے انکار کے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈھاکا میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی)، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور مشیر کھیل کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ حکومت اور کرکٹ بورڈ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔

بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کے تمام میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رجوع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے صرف 24 گھنٹوں کی مہلت دینا مناسب نہیں، کیونکہ ایک عالمی ادارہ اس نوعیت کا دباؤ نہیں ڈال سکتا۔

امین الاسلام نے دعویٰ کیا کہ اگر بنگلادیش کو ورلڈ کپ سے باہر کیا گیا تو آئی سی سی تقریباً 20 کروڑ ناظرین سے محروم ہو جائے گا، جو تنظیم کے لیے ایک بڑا نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کو شریک میزبان کہنا درست نہیں بلکہ یہ ایک ہائبرڈ ماڈل ہے، اور آئی سی سی اجلاس کے دوران ہونے والی بعض گفتگو حیران کن تھی۔

دوسری جانب مشیر کھیل آصف نذرل نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئی سی سی بنگلادیش کو سری لنکا میں میچز کھیلنے کی اجازت دے گا، کیونکہ بھارت نہ جانے کا فیصلہ حکومت کی سطح پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز آئی سی سی نے اپنے بورڈ اجلاس کے بعد بنگلادیش کے سیکیورٹی خدشات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر وہ اپنے مؤقف پر قائم رہا تو اسے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کسی اور ٹیم سے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *