پاکستان کی بورڈ آف پیس میں باضابطہ شمولیت، غزہ میں امن کے لیے معاہدے پر دستخط

معاہدے پر دستخط کے بعد پاکستان نے فلسطین میں پائیدار امن، غزہ میں مستقل جنگ بندی اور تعمیرِ نو کے عالمی عمل میں عملی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

Editor News

ڈیووس(ویب ڈیسک): پاکستان نے امریکا کی دعوت قبول کرتے ہوئے غزہ میں امن کے قیام کے لیے قائم کیے گئے بورڈ آف پیس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر امریکا کی جانب سے غزہ میں امن کے لیے بورڈ آف پیس (Gaza Board of Peace) کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے سربراہان شریک ہوئے، جن میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل تھے۔

تقریب کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مجوزہ عالمی فورم ’بورڈ آف پیس‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد عالمی تنازعات کے حل کے لیے ایک مؤثر اور عملی فورم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں میں 59 ممالک شامل ہیں جبکہ متعدد عالمی رہنما اس فورم کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

بعد ازاں صدر ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے چارٹر پر دستخط کیے اور اسے میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی دستاویز پر دستخط کیے۔

معاہدے پر دستخط کے بعد پاکستان نے فلسطین میں پائیدار امن، غزہ میں مستقل جنگ بندی اور تعمیرِ نو کے عالمی عمل میں عملی کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بورڈ آف پیس کے اہداف
بورڈ آف پیس میں شمولیت کا بنیادی مقصد غزہ میں فوری اور دیرپا جنگ بندی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تعمیرِ نو، اور فلسطینی عوام کے لیے ایک باوقار اور محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرنا ہے۔

تعمیرِ نو کے منصوبے میں گھروں کی بحالی، اسپتالوں اور اسکولوں کی تعمیر، پانی اور بجلی کے نظام کی بحالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور سماجی ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل شامل ہے۔

بورڈ آف پیس میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، ترکی، مصر، اردن، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، بحرین، مراکش، ارجنٹائن، ہنگری اور امریکا شامل ہیں۔ مسلم اکثریتی ممالک کی نمایاں شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ فلسطینی حقوق، ریاستی حیثیت اور حقِ خودارادیت اس عالمی اقدام کا بنیادی محور ہوں گے۔

وزیراعظم کی صدر ٹرمپ سے ملاقات
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی ہوئی۔ یہ ملاقات کانفرنس روم کے باہر منعقد ہوئی، جس میں دیگر عالمی رہنما بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف ڈیووس سے لندن روانہ ہو گئے، جہاں وہ چند روز قیام کریں گے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *