صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مجوزہ ٹیرف نافذ نہ کرنے کا اعلان، نیٹو کے ساتھ مستقبل کے معاہدے کا عندیہ

صدر ٹرمپ کے مطابق اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ نہ صرف امریکا بلکہ نیٹو کے تمام رکن ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا

Editor News

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ وہ ٹیرف نافذ نہیں کریں گے جو یکم فروری سے لاگو ہونے والے تھے۔ صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کی وجہ نیٹو کے ساتھ گرین لینڈ اور آرکٹک خطے سے متعلق مستقبل کے معاہدے کے فریم ورک پر پیش رفت کو قرار دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کے ساتھ ان کی ملاقات نہایت مثبت رہی، جس کے نتیجے میں گرین لینڈ اور مجموعی طور پر آرکٹک ریجن کے حوالے سے مستقبل کے معاہدے کا ایک فریم ورک طے پایا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ نہ صرف امریکا بلکہ نیٹو کے تمام رکن ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسی مفاہمت کی بنیاد پر انہوں نے یکم فروری سے نافذ کیے جانے والے ٹیرف روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ گرین لینڈ سے متعلق “گولڈن ڈوم” منصوبے پر بھی اضافی بات چیت جاری ہے۔ ان کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف مذاکرات کی قیادت کریں گے اور براہِ راست انہیں رپورٹ کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے فاکس نیوز ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہا کہ صدر ٹرمپ کے مطابق معاہدے کے فریم ورک کی مزید تفصیلات آئندہ مذاکرات کے دوران سامنے آتی رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس معاملے پر مزید کوئی بیان نہیں دیا جائے گا۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *