ٹیکساس: امریکی ارب پتی جیف بیزوس کی خلائی کمپنی بلیو اوریجن (Blue Origin) نے ہفتے کے روز ایک تاریخی مشن مکمل کیا، جس میں پہلی بار وہیل چیئر استعمال کرنے والی ایک خاتون خلا میں گئیں۔
بلیو اوریجن کا ‘نیو شیپرڈ’ (New Shepard) راکٹ ٹیکساس کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8:15 بجے روانہ ہوا۔
یہ پرواز تقریباً 10 منٹ پر محیط تھی جس میں مسافروں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ خلائی حد ‘کارمن لائن’ (Karman line) کو عبور کیا۔
یہ ایک مکمل خودکار راکٹ تھا جو عمودی طور پر روانہ ہوا اور واپسی پر پیرا شوٹس کی مدد سے صحرائے ٹیکساس میں بحفاظت اترا۔
اس پرواز کی سب سے نمایاں مسافر جرمن ایرو اسپیس انجینئر میکائیلا بینتھاؤس (Michaela Benthaus) تھیں، جو یورپی اسپیس ایجنسی سے وابستہ ہیں۔
میکائیلا ایک پہاڑی بائیکنگ حادثے کے نتیجے میں ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ کا شکار ہوئی تھیں جس کے بعد سے وہ وہیل چیئر استعمال کرتی ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ “اگر ہم ایک جامع معاشرہ بننا چاہتے ہیں، تو ہمیں ہر شعبے میں شمولیت کو یقینی بنانا چاہیے، نہ کہ صرف ان حصوں میں جو ہمیں پسند ہوں۔”
یہ بلیو اوریجن کی 16 ویں انسانی پرواز تھی، جس میں اس سے قبل کیٹی پیری اور ولیم شیٹنر جیسی معروف شخصیات بھی سفر کر چکی ہیں۔ جہاں بلیو اوریجن اور ورجن گیلیکٹک جیسی کمپنیاں خلائی سیاحت میں ایک دوسرے کی حریف ہیں، وہیں بیزوس کی کمپنی اب ایلون مسک کی ‘اسپیس ایکس’ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے طاقتور راکٹ نیو گلین (New Glenn) پر بھی کام کر رہی ہے۔
