ہرارے(ویب ڈیسک): انڈر 19 ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں پاکستان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ مقابلہ زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں کھیلا گیا، جہاں پاکستانی کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ لائن قومی باؤلرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 50 اوورز مکمل ہونے سے قبل ہی 187 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اننگز کے آغاز میں فاسٹ باؤلر علی رضا نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں، جس سے اسکاٹ لینڈ دباؤ میں آ گئی۔ کوئی بھی بلے باز پاکستانی باؤلرز کے سامنے طویل اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
علی رضا نے مجموعی طور پر 37 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ مومن قمر نے 3 وکٹیں حاصل کر کے باؤلنگ میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
جواب میں پاکستان نے پراعتماد اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف 43.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عثمان خان نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان نے یہ میچ 6 وکٹوں سے جیت کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط بنا لیا۔
