نیویارک(ویب ڈیسک) :نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز نے پاکستانی نژاد امریکی کاشف حسین کو تیسری مرتبہ ڈپٹی پبلک ایڈوکیٹ برائے انفرااسٹرکچر اور ماحولیاتی انصاف مقرر کر دیا ہے۔
اس طرح کاشف حسین نے اس عہدے پر تقرری کی ہیٹرک مکمل کر لی ہے۔ وہ اس سے قبل 2019، پھر 2021 اور اب 2025 میں اس منصب پر فائز ہو چکے ہیں۔
کاشف حسین پیشے کے لحاظ سے مکینیکل انجینئر ہیں اور مختلف اداروں میں خدمات انجام دینے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ نیویارک سٹی کا پبلک ایڈوکیٹ آفس ایک نان میئرل ادارہ ہے جو شہری معاملات میں نگرانی اور چیک اینڈ بیلنس کا اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اپنی تقرری پر کاشف حسین نے پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تیسری بار ان پر اعتماد کیا اور انہیں عوامی خدمت کا موقع فراہم کیا۔ ان کی تقرری پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی گئی۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ 2025 کے انتخابات کے وقت کاشف حسین ڈپٹی پبلک ایڈوکیٹ کے عہدے پر فائز تھے اور اب وہ آئندہ چار سال کے لیے اسی حیثیت میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ بعض حلقوں کے مطابق مستقبل میں کاشف حسین کا نام نیویارک سٹی انتظامیہ کے مزید اہم عہدوں کے لیے بھی زیرِ غور آ سکتا ہے۔
