لاس اینجلس (ویب ڈیسک): معروف ہالی وڈ اداکارہ اور سماجی کارکن انجلینا جولی نے مبینہ طور پر لاس اینجلس چھوڑ کر بیرونِ ملک ایک پرسکون اور نجی زندگی گزارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ قدم وہ اپنے چھوٹے بچوں کے 18 سال کے ہونے کے بعد اٹھائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق 50 سالہ اداکارہ اپنی 25 ملین ڈالر مالیت کی ‘لاس فیلز’ (Los Feliz) اسٹیٹ فروخت کر رہی ہیں۔ وہ اپنا وقت اب یورپ، کمبوڈیا اور نیویارک کے درمیان تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
نیویارک میں وہ اپنا تخلیقی مرکز ‘ایٹیلیئر جولی’ (Atelier Jolie) چلائیں گی۔
جبکہ کمبوڈیا جہاں وہ 2003 سے ایک گھر کی مالک ہیں۔
انجلینا جولی کے قریبی دوست اور پروڈیوسر جے بینجمن کا کہنا ہے کہ “وہ ڈرامہ بازی اور ہنگاموں سے دور جانا چاہتی ہیں، اور بریک لینے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ یہاں سے نکلا جائے۔”
انجلینا جولی نے سابق شوہر بریڈ پٹ سے طلاق کے بعد سے بچوں کی وجہ سے لاس اینجلس میں قیام کیا ہوا تھا۔ ان کے چھ بچے ہیں: میڈوکس، پیکس، زہارا، شیلو، اور جڑواں بچے وایوین اور ناکس۔ جڑواں بچے اس وقت 17 سال کے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا تھا:”میں یہاں صرف طلاق کے قانونی معاملات کی وجہ سے رہنے پر مجبور ہوں، لیکن جیسے ہی بچے 18 سال کے ہوں گے، میں یہاں سے چلی جاؤں گی۔”
اگرچہ طلاق کا معاملہ حل ہو چکا ہے، لیکن دونوں کے درمیان فرانسیسی وائن یارڈ ‘شاٹو میراول’ (Château Miraval) کے حوالے سے قانونی جنگ اب بھی جاری ہے۔
