امریکہ(ویب ڈیسک): دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے وینزویلا میں جاری سیاسی و سماجی عدم استحکام کے پیشِ نظر وہاں کے شہریوں کے لیے مفت براڈ بینڈ انٹرنیٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ وینزویلا کے عوام مشکل حالات اور ممکنہ حکومتی پابندیوں کے باوجود عالمی دنیا سے رابطے میں رہ سکیں۔یہ سہولت محدود مدت کے لیے ہے اور 3 فروری 2026 تک دستیاب رہے گی
اسٹار لنک زمین کے نچلے مدار میں موجود سینکڑوں سیٹلائٹس کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرتا ہے، جس کے لیے زمین پر موجود روایتی تاروں یا انفراسٹرکچر کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (X) پر اپنے پیغام میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور حمایت کا اظہار بھی کیا ہے۔
ماہرین اس فیصلے کو وینزویلا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ سیاسی تبدیلیوں کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ ماضی میں بھی ایلون مسک نے یوکرین جیسی جنگ زدہ جگہوں پر انٹرنیٹ کی فراہمی کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے، اور اب وینزویلا میں یہ قدم وہاں کی معزول قیادت اور موجودہ بحران کے درمیان عوامی رابطے کو بحال رکھنے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
