ویب ڈیسک|7نومبر
نیو جرسی: جنرل انتخابات میں پاکستانی نژاد امریکی سیاستدان شمع حیدر نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیو جرسی جنرل اسمبلی کی نشست ایک بار پھر جیت لی ہے۔
4نومبر 2025کو ہونے والے انتخابات میں ڈسٹرکٹ 37 کی دونوں نشستیں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدواروں کے حصے میں آئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شمع حیدر نے تقریباً41,475 ووٹ حاصل کیے، جو کل ووٹوں کا33.5 فیصد ہے۔وہ اگلے دو سال کے لیے اپنی نشست پر برقرار رہیں گی۔

پاکستان میں جنم لینے والی بااثر خاتون شمع حیدر 2021 میں پہلی بار نیو جرسی اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں وہ اس ریاست میں پہلی مسلم خواتین قانون سازوں میں سے ایک ہیں۔
ان کی دوبارہ کامیابی نہ صرف سیاسی تسلسل کی علامت ہے بلکہ یہ امریکی سیاست میں مسلم اور جنوبی ایشیائی خواتین کی بڑھتی نمائندگی کا مظہر بھی ہے۔
انتخابی مہم اور عوامی ترجیحات
انتخابات کے دوران شمع حیدر نے اپنی مہم میں تعلیم، خاندانی فلاح، صحت عامہ، اور سماجی انصاف جیسے موضوعات کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کمیونٹی کی فلاح کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گی اور “ہر گھر تک خوشحالی اور انصاف کی رسائی” کو یقینی بنائیں گی۔
شمع حیدرنیو جرسی اسمبلی کی مختلف کمیٹیوں، بشمول بچوں، خاندانوں اور غذائی تحفظ (Children, Families & Food Security) کمیٹی میں اپنا کام جاری رکھیں گی۔

