نیویارک میں بینظیربھٹوشہیدکوخراجِ تحسین پیش

اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں

Atif Khan

نیویارک: نیویارک میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے پاکستان اور عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیرِ اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر ان کی قومی و جمہوری خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر نیویارک کے علاقے کونی آئی لینڈ، بروکلین میں ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا، جس کا اہتمام سینئر صحافی اور پاک وطن ٹی وی کے چیف ایڈیٹر سید زاہد شہباز نے کیا۔

سیمینار میں چوہدری صداقت علی، مشتاق کمبوہ، قاسم فریدی (اولاد بابا فرید گنج شکرؒ)، عزیز بٹ، فہد صداقت ایڈووکیٹ اسلام آباد ہائی کورٹ، خرم شہزاد، فاروق مرزا، آغا صالح، روبینہ صفدر، ارشد خواجہ، مرزا شیر بیگ، طاہر بیگ، مہتشم کمبوہ، ناصر بٹ، منظور بھٹی، ماجد حسن سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کرنے سے ہوا۔ سید زاہد شہباز نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ گہرے تعلقات تھے اور انہوں نے ہمیشہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو صرف پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ پاکستان کے جمہوریت پسند عوام اور عالمِ اسلام کی ایک عظیم رہنما تھیں۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق کمبوہ، قاسم فریدی، عزیز بٹ، فہد صداقت ایڈووکیٹ، خرم شہزاد، فاروق مرزا اور آغا صالح نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی ملک و قوم کے لیے دی گئی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کر دی اور بالآخر شہادت کا عظیم مقام حاصل کیا۔ مقررین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیرِ اعظم تھیں اور ان کی شہادت پاکستان سمیت پوری مسلم دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستانی عوام نے دو مرتبہ بے نظیر بھٹو کو وزیرِ اعظم منتخب کر کے جمہوریت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ وہ ایک عظیم رہنما اور قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی صاحبزادی تھیں جنہوں نے ملک و قوم کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے دیگر اراکین نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی پالیسیوں کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کو شناخت اور پاسپورٹ ملا، جس کے نتیجے میں آج لاکھوں پاکستانی بیرونِ ملک روزگار حاصل کر کے زرمبادلہ کی صورت میں وطنِ عزیز کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نے انتہائی مشکل حالات میں بھی آئین اور جمہوریت کی سربلندی کے لیے آواز بلند کی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا فلسفہ کہ “جمہوریت بہترین انتقام ہے”، دراصل محترمہ بے نظیر بھٹو کے سیاسی نظریے کا تسلسل ہے، اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے اس سوچ کو عام کرنا ناگزیر ہے۔

آخر میں سید زاہد شہباز نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ صوفی مشتاق احمد کمبوہ نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کروائی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی سپاف کے سینئر رہنما عمران شیخ کی جانب سے بھی شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر پارٹی سیکریٹریٹ کینیڈی مارکیٹ میں قرآن خوانی اور لنگر تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران شیخ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور والدہ شہید بے نظیر بھٹو کے نظریات کے مطابق عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اور باشعور عوام ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو حقیقی جمہوریت، غریبوں، کسانوں، محنت کشوں اور نوجوانوں کے حقوق پر یقین رکھتی ہے۔ اس موقع پر مظہر علی شاہانی، سمندر خان شیخ، عبدالغفار ملو، ظہیر احمد تونیو، غلام مصطفیٰ گوپانگ اور غلام مرتضیٰ گوپانگ سمیت دیگر پارٹی رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔

اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *