مراکش نےفیفاعرب کپ کاٹائٹل اپنےنام کر لیا

میچ کے آغاز کے صرف چار منٹ بعد ہی مراکش نے برتری حاصل کر لی

Editor News

دوحہ: مراکش نے اضافی وقت میں اردن کو 2-3 سے شکست دے کر عرب کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل میں مراکش کی کامیابی میں عبدالرزاق حمداللہ کے دو گول فیصلہ کن ثابت ہوئے، جبکہ اسامہ تنانے کے شاندار طویل فاصلے سے کیے گئے گول نے میچ کو یادگار بنا دیا۔

میچ کے آغاز کے صرف چار منٹ بعد ہی مراکش نے برتری حاصل کر لی، جب اسامہ تنانے نے سینٹر سرکل سے جرات مندانہ شاٹ لگایا جو آگے بڑھے ہوئے اردنی گول کیپر یزید ابو لیلیٰ کو چکمہ دے گیا۔

2026 فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کے لیے تیار اردن نے دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کی۔ علی علوان نے 48ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے اور 68ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے اردن کو برتری دلائی۔

تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں عبدالرزاق حمداللہ نے 87ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوا۔ اضافی وقت میں حمداللہ نے قریبی فاصلے سے فاتح گول کر کے مراکش کو عرب کپ کا چیمپئن بنا دیا۔

افریقہ کپ آف نیشنز سے قبل یورپ میں کھیلنے والے کئی اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود مراکش نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی۔

مراکش اس سے قبل بھی تین سال قبل قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کر چکا ہے، جہاں وہ اسپین اور پرتگال کو شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچنے والا پہلا افریقی اور عرب ملک بنا تھا، تاہم سیمی فائنل میں اسے فرانس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اکتوبر میں مراکش کی انڈر 20 ٹیم نے ارجنٹینا کو فائنل میں 0-2 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، یوں وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والا پہلا عرب ملک بن گیا۔

اس کے علاوہ مراکش کی انڈر 17 ٹیم ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچی، جبکہ انڈر 23 ٹیم نے افریقہ کپ آف نیشنز جیت کر پیرس اولمپکس 2024 کے لیے کوالیفائی کیا، جہاں اس نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

مراکش دسمبر 21 سے 18 جنوری تک افریقہ کپ آف نیشنز (اے ایف کون) کی میزبانی کے لیے بھی تیار ہے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *