پاکستان سپر لیگ نیویارک میں دوسراعالمی روڈشومنعقد کرےگی

یہ عالمی روڈ شوز پی ایس ایل کے عالمی توسیعی منصوبے، اسٹریٹیجک شراکت داریوں اور عالمی معیار کی کرکٹ اور تفریح فراہم کرنے کے وژن کا حصہ ہیں۔

Editor News

پاکستان سپر لیگ لندن کے تاریخی میدان لارڈز میں شاندار ایونٹ کے بعد اب نیویارک میں اپنا دوسرا اہم شو منعقد کرنے جا رہی ہے۔ جمعرات کو جیو سپر کو باخبر ذرائع نے بتایا کہ یہ تقریب ممکنہ طور پر اگلے ہفتے کے اختتام تک نیویارک میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق قومی مردوں کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور نمایاں کرکٹر سعود شکیل بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ یہ ایونٹ پی ایس ایل کے خصوصی روڈ شو کے بعد ہوگا جو 7 دسمبر کو “دی ہوم آف کرکٹ” لارڈز میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ لندن کے شو میں کاروباری شخصیات، ممکنہ فرنچائز مالکان اور کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

یہ عالمی روڈ شوز پی ایس ایل کے عالمی توسیعی منصوبے، اسٹریٹیجک شراکت داریوں اور عالمی معیار کی کرکٹ اور تفریح فراہم کرنے کے وژن کا حصہ ہیں۔

لندن میں ہونے والے روڈ شو میں پاکستان کے مشہور کرکٹ ستارے، جن میں بابراعظم اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم شامل ہیں، شرکت کریں گے جبکہ معروف گلوکار علی ظفر پرفارم کریں گے۔

پی ایس ایل نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا:
“لندن روڈ شو ہوم آف کرکٹ میں کرکٹ کے بڑے ستاروں کو اکٹھا کر رہا ہے۔ بابراعظم، حارث رؤف، صاحبزادہ فرحان، وسیم اکرم، رمیز راجہ اور علی ظفر کے ساتھ ایک خصوصی شام کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں۔”

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2016 میں پانچ فرنچائزز کے ساتھ شروع ہونے والی پی ایس ایل اب دو مزید ٹیموں کے اضافے کے بعد مزید وسعت اختیار کرنے جا رہی ہے۔ لیگ میں آخری توسیع 2018 میں ہوئی تھی جب ملتان سلطانز کو شامل کیا گیا تھا۔

آنے والی نئی ٹیموں کے بعد پی ایس ایل سات سال میں پہلی بار بڑی تنظیمی تبدیلی سے گزرے گی اور مجموعی فرنچائزز کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو جائے گی۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *