ویب ڈیسک : ٹیکنالوجی کی تیز رفتار دوڑ میں گوگل نے اپنا نیا اے آئی امیج جنریشن ماڈل Nano Banana Pro (Gemini 3 Pro Image) متعارف کروا دیا ہے، جو اپنی غیر معمولی حقیقت سے قریب تر تصاویر کے باعث تعریف کے ساتھ ساتھ شدید خدشات بھی پیدا کر رہا ہے۔
یہ ماڈل ایک “جدید ترین امیج جنریشن اور ایڈیٹنگ ٹول” قرار دیا جا رہا ہے، جو بصری ڈیزائن، دنیاوی علم اور ٹیکسٹ رینڈرنگ میں غیر معمولی مہارت رکھتا ہے۔ بظاہر یہ تخلیقی صنعتوں اور کاروبار کے لیے نئے امکانات کی دنیا کھولتا ہے، مگر اس کی حد سے زیادہ حقیقت نما تصاویر معاشرتی سطح پر خطرے کی گھنٹی بھی ثابت ہو رہی ہیں۔
حقیقت اور فریب کا نیا بحران
ماہرین کے مطابق سوال اب پہلے سے زیادہ سنگین ہو گیا ہے: آخر ہم سچ اور جھوٹ میں فرق کیسے کریں؟
ایسے وقت میں جب عوام پہلے ہی آن لائن آدھے سچ پر یقین کر لیتے ہیں، Nano Banana Pro جیسے ماڈلز جعلی مواد کی شناخت کو مزید مشکل بنا رہے ہیں۔
اس سے قبل OpenAI کے GPT-40 میں شامل “جدید ترین امیج جنریٹر” نے سوشل میڈیا پر اسٹوڈیو غِبلی طرز کی ویڈیوز کا سیلاب برپا کیا تھا، جس سے کاپی رائٹ اور اخلاقی خلاف ورزیوں کے نئے سوالات نے جنم لیا۔
