نیویارک: امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد مسلمان ایـرم حنیف کو میئر الیکٹ زوہرن ممدانی کی ٹرانزیشن ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وہ سوشل سروسز کمیٹی کی رکن کے طور پرخدمات انجام دیں گی۔ کمیٹی نئی بلدیاتی انتظامیہ کو سماجی خدمات، افورڈیبلٹی اور کمیونٹی ویلفیئر کے حوالے سے پالیسی تجاویز فراہم کرے گی۔
میئر الیکٹ ممدانی نے اپنی آئندہ انتظامیہ کی تشکیل کے لیے مجموعی طور پر 17 ٹرانزیشن کمیٹیاں قائم کی ہیں، جن میں 400 سے زائد ماہرین، سماجی رہنما، پالیسی ایڈوائزر اور کمیونٹی نمائندے شامل ہیں۔ یہ کمیٹیاں ہاؤسنگ، سوشل سروسز، پبلک سیفٹی، ٹرانسپورٹیشن، یوتھ پروگرامز اور دیگر کلیدی شعبوں میں سفارشات پیش کریں گی۔
ایـرم حنیف اے پی این اے کمیونٹی سینٹر سے وابستہ ہیں اور نیویارک میں طویل عرصے سے امیگریشن سپورٹ، سماجی بہبود، اور کمیونٹی سروسز کے مختلف پروگرامز سے منسلک رہی ہیں۔ ان کی تقرری کو پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی سماجی اور سیاسی نمائندگی کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
