نیویارک: نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے پیراماؤنٹ (Paramount) کی جانب سے وارنر برادرز (Warner Bros.) کے مجوزہ انضمام کے خلاف 12 امریکی ریاستوں کی قانونی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ عوامی مفاد کے خلاف ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں میئر ممدانی نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ نیویارک ان ریاستوں میں شامل ہے جو اس انضمام کو روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کر رہی ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر یہ انضمام مکمل ہو گیا تو ایک ہی کمپنی امریکی ناظرین کی فلموں اور کیبل چینلز کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کر لے گی، جس سے اسٹریمنگ اور کیبل سروسز کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
میئر ممدانی کے مطابق اس مجوزہ معاہدے سے نیویارک کے ہزاروں فنکاروں، تخلیق کاروں اور تفریحی صنعت سے وابستہ کارکنوں کے روزگار کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، جبکہ شہر بھر کے متعدد تھیٹرز بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیویارک کے محنت کشوں نے امریکی تفریحی صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے انہیں بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کے مفادات کی خاطر قربان نہیں کیا جانا چاہیے۔
میئر نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ میں مسابقت، صارفین کے مفادات اور مقامی روزگار کا تحفظ ہر فیصلے میں اولین ترجیح ہونی چاہیے۔





