لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

شیخ حمدبن خلیفہ آل ثانی کےانتقال پرپاکستان غم میں شریک

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

دوحہ (ویب ڈیسک):حکومتِ پاکستان نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آج 13 جولائی کو ملک بھر میں سرکاری سطح پر قومی یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کی روشنی میں آج ملک بھر میں تمام سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ اس اقدام کا مقصد برادر ملک قطر کے شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ دلی یکجہتی اور مرحوم امیر کے لیے احترام کا اظہار کرنا ہے۔

قطری میڈیا کے مطابق سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کے بعد قطر میں چار روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ادا کر دی گئی ہے، جس میں قطر کے موجودہ امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے سابق امیر قطر کے انتقال پر گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے قطری قیادت سے دلی تعزیت کی ہے۔ حکومتِ پاکستان نے سابق امیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اپنے دورِ قیادت میں قطر کی ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر اس کے وقار کو مضبوط بنانے میں تاریخی اور کلیدی کردار ادا کیا۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان، قطر کی حکومت اور عوام کے اس عظیم نقصان پر ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت سمیت متعدد شعبوں میں دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، اور پاکستان کا قومی سوگ کا یہ فیصلہ ان دونوں ممالک کے گہرے رشتوں کا عکاس ہے۔

دوسری جانب قطر میں متعین برطانوی سفارت خانے نے بھی سابق امیر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنا قومی پرچم (یونین فلیگ) سرنگوں کر دیا ہے۔ برطانوی سفارت خانے نے شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کو “قیادت کا مینار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں قطر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور مرحوم کی غیر معمولی خدمات اور تاریخی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔