لندن: اپنی منفرد، کھرکھری آواز اور لازوال گیتوں کے ذریعے دنیا بھر کے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی معروف برطانوی پاپ گلوکارہ بونی ٹائلر (Bonnie Tyler) 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پرتگال کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، جہاں وہ بیماری کے باعث دم توڑ گئیں۔
رواں برس جون میں بونی ٹائلر کی آنت میں سوراخ ہونے کے باعث ہنگامی سرجری کی گئی تھی، جس کے بعد وہ تقریباً ایک ماہ تک مصنوعی بے ہوشی (Cooma) میں رہیں۔ اگرچہ وہ کوما سے باہر آ گئی تھیں، تاہم ان کی حالت تشویشناک رہی اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ (ICU) میں زیرِ علاج رہیں، جس کی وجہ سے ان کے اگست تک کے تمام شوز منسوخ کر دیے گئے تھے۔ گزشتہ شب وہ اسی بیماری کے باعث ہسپتال میں انتقال کر گئیں۔
بونی ٹائلر کا اصل نام گینر ہاپکنز (Gaynor Hopkins) تھا۔ وہ ویلز (Wales) میں ایک کوئلہ کان کن کے متوسط گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے بچپن میں چرچ میں مذہبی نغمے گائے اور گروسری اسٹور میں ملازمت کے ساتھ ساتھ نائٹ کلبوں میں پرفارم کر کے اپنے سفر کا آغاز کیا۔
1977 میں آواز کی ایک سرجری کے بعد ان کی آواز کھرکھری اور بھاری ہو گئی، جو بعد میں ان کی سب سے بڑی پہچان اور کامیابی کی وجہ بنی۔
1983 میں ریلیز ہونے والا ان کا شہرہ آفاق گانا “Total Eclipse of the Heart” برطانیہ اور امریکا دونوں کے میوزک چارٹس میں نمبر ون رہا، جسے اب تک ایک ارب سے زائد بار اسٹریم کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ ان کا گانا “Holding Out for a Hero” بھی دنیا بھر میں مقبول ہوا۔
اپنے شاندار کیریئر کے دوران بونی ٹائلر کو 3 مرتبہ گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا، جبکہ 2023 میں انہیں برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے اعزازی تمغے سے بھی نوازا گیا۔





