لندن/پیرس: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل کی دوڑ میں فرانس کے ہاتھوں مراکش کی 0-2 سے شکست کے بعد برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں شدید کشیدگی اور ہنگامے پھوٹ پڑے، جبکہ پیرس میں صورتحال حیران کن طور پر پرامن رہی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، میچ کا نتیجہ سامنے آتے ہی رات گئے لندن کے مختلف علاقوں، بالخصوص شمال مغربی لندن کی مشہور ایجویئر روڈ (Edgware Road) پر ہزاروں مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ ہجوم کے باعث وسطی لندن کی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل افراد نے سڑکوں پر ملبہ پھینکا اور کھڑی گاڑیوں پر چڑھ کر توڑ پھوڑ کی کوشش کی۔
پولیس اہلکاروں پر آتش بازی کے سامان (پٹاخوں) سے حملے کیے گئے۔
ہنگاموں کو روکنے کے لیے جب اینٹی رائٹ (حفاظتی ساز و سامان سے لیس) پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین ان سے الجھ پڑے۔
ایک ویڈیو میں ایک پولیس اہلکار کو سڑک پر گرا ہوا بھی دیکھا گیا، تاہم برطانوی حکام کی جانب سے ابھی تک کسی جانی نقصان یا زخمیوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔
لندن کے برعکس، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں صورتحال انتہائی پرامن اور خوشگوار رہی۔ یہاں فرانس اور مراکش دونوں ٹیموں کے فٹبال فینز بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ دونوں ممالک کے حامیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر فٹبال کے اس خوبصورت میچ کا جشن منایا اور رواداری کی بہترین مثال قائم کی۔
یاد رہے کہ امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس نے مراکش کو شکست دے کر ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے، جس کے بعد لندن میں مقیم مراکشی کمیونٹی اور فٹبال فینز میں مایوسی اور غصے کی لہر دوڑ گئی۔





