لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

کیوباپرعائدامریکی اقتصادی پابندیاں فوری ختم کی جائیں،پاکستانی سفیرعاصم افتخاراحمد

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کیوبا پر عائد امریکی اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی پابندیوں (Embargo) پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران “کیوبا کے خلاف امریکہ کی طرف سے عائد کردہ اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی ناکہ بندی کے خاتمے کی ضرورت” کے موضوع پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان کیوبا اور وہاں کے عوام پر طویل عرصے سے عائد اس پابندی کے مرتب ہونے والے منفی اثرات پر گہری تشویش رکھتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس پابندی کا خاتمہ کیوبا میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ایک انتہائی اہم اور ناگزیر قدم ہوگا، جس سے کیوبا کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کا اپنا بنیادی حق حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستانی مندوب نے عالمی نظم و نسق کی بقا کے لیے بین الاقوامی تعاون اور کثیر الجہتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خودمختار برابری اور باہمی احترام ہی عالمی نظام کے بنیادی ستون ہیں۔

پاکستانی سفیر نے ترقی پذیر ممالک کو نشانہ بنانے والی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا:”یکطرفہ اقتصادی اقدامات، بالخصوص ترقی پذیر ممالک پر ان کا انتخابی اور مخصوص اطلاق، بین الاقوامی برادری کے مشترکہ اصولوں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بالکل منافی ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دنیا کو پابندیوں کے بجائے باہمی تعاون کی راہ اختیار کرنی چاہیے تاکہ پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک کے عوام کو بھی آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آسکیں۔