عاطف خان | 4نومبر
واشنگٹن : امریکہ کی تاریخ کے طاقتور ترین نائب صدور میں شمار کیے جانے والے ڈک چینی پیر کی رات 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
چینی کے انتقال کی تصدیق ان کے خاندان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کی گئی۔ بیان کے مطابق، سابق نائب صدر کی موت نمونیا اور دل و شریانوں کی بیماریوں کی پیچیدگیوں کے باعث ہوئی۔
ان کی اہلیہ لِن چینی، بیٹیاں لز چینی اور میری چینی، اور دیگر اہلِ خانہ ان کے آخری لمحات میں ان کے ساتھ موجود تھے۔
خاندان کے بیان میں ان کی دہائیوں پر محیط عوامی خدمت اور بطور والد و دادا نجی زندگی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا، ’’ڈک چینی ایک عظیم اور نیک انسان تھے جنہوں نے اپنی اولاد اور پوتوں کو اپنے ملک سے محبت، ہمت، عزت، محبت، مہربانی اور فشینگ (ماہی گیری) سے لطف اندوز ہونا سکھایا۔ ہم ان کے ملک کے لیے کیے گئے کاموں پر انتہائی شکر گزار ہیں اور خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ ہمیں اس عظیم شخصیت کی محبت نصیب ہوئی۔‘‘
سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے اپنے بیان میں کہا، ’’ڈک چینی قومی چیلنجز کے دوران وہائٹ ہاؤس میں ایک پُرسکون اور مضبوط موجودگی تھے۔ میں ان کے صاف گو اور مخلص مشوروں پر انحصار کرتا تھا، اور وہ ہمیشہ اپنی بہترین صلاحیت کے ساتھ خدمت انجام دیتے تھے۔‘‘
چینی نے صدر بش کے دور میں عراق پر حملے کی پالیسی کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جو بعد میں غلط انٹیلیجنس معلومات پر مبنی ثابت ہوئی۔
