تحریر: عاطف خان
نیویارک| 3 نومبر
نیویارک — ابتدائی ووٹنگ کے آخری دن کے موقع پر نیویارک سٹی سول انگیجمنٹ کمیشن (NYCCEC) نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ زبان ووٹنگ کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے۔
ووٹر لینگویج اسسٹنس (VLA) پروگرام کے تحت کمیشن ان ووٹرز کے لیے ترجمانی کی سہولت فراہم کر رہا ہے جو انگریزی میں محدود مہارت رکھتے ہیں۔ یہ سہولت منتخب پولنگ اسٹیشنز پر دستیاب ہے اور عربی، بنگالی، چینی (کینٹونی اور مینڈیرین)، فرانسیسی، ہیتی کریول، اطالوی، کوریائی، پولش، روسی، اُردو اور یدش زبانوں میں مدد فراہم کی جارہی ہے۔
اس پروگرام کا مقصد نیویارک سٹی کی متنوع آبادی کے ہر فرد کو بااعتماد اور باوقار طریقے سے ووٹ ڈالنے کا موقع دینا ہے۔ ووٹرز اپنے ساتھ ترجمان دوست یا اہل خانہ کو بھی لا سکتے ہیں یا پولنگ اسٹیشن پر موجود مترجمین سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
ابتدائی ووٹنگ کے دوران زبان کی مدد جمعہ، 31 اکتوبر سے اتوار، 2 نومبر تک دستیاب رہی، جبکہ منگل، 4 نومبر 2025 کو عام انتخابات کے روز بھی یہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔

شہر کے مختلف پولنگ مراکز پر مترجمین اور رضاکار معلوماتی مواد کے ساتھ موجود ہیں تاکہ ہر ووٹر اپنی آواز بلند کر سکے۔
اگر آپ اپنے ووٹر رجسٹریشن کے بارے میں غیر یقینی ہیں تو نیویارک سٹی بورڈ آف الیکشنز کی ویب سائٹ پر جائیں یا ووٹر ہیلپ لائن 1-866-868-3692 پر کال کریں۔
