رپورٹ: عاطف خان
نیویارک(30اکتوبر2025): نیشنل ویدر سروس نے جمعرات کی دوپہر سے شام 5:30 بجےتک بروکلین، مین ہیٹن، کوئنز اور دی برونکس کے لیے سیلابی خطرے کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق، ان علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ بعض اوقات انتہائی تیز بارش کے وقفے بھی آسکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کم اونچائی والے اور ناقص نکاسی والے علاقے سب سے زیادہ خطرے میں ہیں، جہاں پانی جمع ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔
مزید برآں نیشنل ویدر سروس نے بروکلین، کوئنز اور اسٹیٹن آئی لینڈ کے لیے ایک خصوصی بیان میں خبردار کیاہے کہ دوپہر کے اوقات میں ہواؤں کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ (تقریباً 80 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک پہنچ سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کو نشیبی علاقوں میں پارک نہ کریں، اور موسم کی تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔
