نیویارک: امریکہ میں سماجی فلاحی تنظیم آئی سی این اے ریلیف نے نیویارک کے علاقے برونکس میں فوڈ پینٹری کا اہتمام کیا، جہاں کم آمدنی والے خاندانوں میں غذائی اشیاء تقسیم کی گئیں۔
تقریب کا آغاز عیسائی برادری کے پادری اور مسلم کمیونٹی کے امام کی مشترکہ دعا سے ہوا، جس سے بین المذاہب ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
آئی سی این اے ریلیف کے رضاکاروں نے سرد موسم کے باوجود جوش و جذبے کے ساتھ ضرورت مند افراد کی خدمت کی۔ فوڈ پینٹری سے مردوں، خواتین اور بزرگوں سمیت کم آمدنی والے طبقے کے بڑی تعداد میں افراد مستفید ہوئے۔
آئی سی این اے ریلیف برونکس کے انچارج شبیر گل نے بتایا کہ اس فوڈ پینٹری سے ہر ہفتے 250 سے 300 افراد مستفید ہوتے ہیں، جبکہ تنظیم کی فلاحی سرگرمیاں ہفتے بھر مختلف مقامات پر بلا امتیاز رنگ و نسل جاری رہتی ہیں۔
فوڈ پینٹری کے دوران کم آمدنی والے خاندانوں میں گرم کپڑے، تازہ پھل اور سبزیاں، دودھ اور دیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی افیئرز بیورو کی ایک خاتون افسر، پاکستانی کمیونٹی کی سماجی شخصیت میاں طاہر اور دیگر افراد نے بھی بطور رضاکار اپنی خدمات پیش کیں۔
