صدر ٹرمپ کے قافلے کے باعث راستہ بند، فرانسیسی صدر کو خود فون اٹھانا پڑ گیا
رپورٹ: عاطف خان
نیویارک، 23 ستمبر –
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو امریکی پروٹوکول کے سامنے بھی رکنا پڑ گیا۔ صدر ٹرمپ کے قافلے کے گزرنے کے سبب نیویارک پولیس نے میکرون کے قافلے کو سڑک پر روک دیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب میکرون اقوام متحدہ کی کانفرنس میں فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد قریبی فرانسیسی سفارتخانے روانہ ہوئے۔ پولیس نے انہیں بتایا کہ راستہ اس لیے بند ہے کیونکہ صدر ٹرمپ کا قافلہ گزرنا ہے۔
فرانسیسی صدر نے پہلے پولیس اہلکاروں سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن انہیں نرمی سے منع کر دیا گیا۔ اس پر میکرون نے خود صدر ٹرمپ کو فون کیا اور مذاقاً کہا: ’’بتائیے، میں نے آپ کو کیوں فون کیا ہے؟‘‘ تاہم ٹرمپ نے بھی معاملہ ٹال دیا اور راستے بدستور بند رہے۔
جب انتظار طویل ہوا تو میکرون نے گاڑی چھوڑ کر پیدل جانے کا فیصلہ کیا، مگر پولیس نے انہیں اکیلے سڑک عبور کرنے کی اجازت بھی نہ دی۔ آخرکار انہیں ٹرمپ کے قافلے کے گزرنے کا انتظار کرنا پڑا۔ بعد ازاں میکرون نے ضد میں گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور پیدل ہی فرانسیسی سفارتخانے کی جانب روانہ ہو گئے، جہاں شہریوں نے انہیں پہچان کر تصاویر بھی بنوائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فرانس نے اقوام متحدہ میں فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
“