شنگھائی / لزبن (ویب ڈیسک):عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو (Cristiano Ronaldo) کے مداحوں نے چین کے شہر شنگھائی (Shanghai) میں انہیں انتہائی شاندار اور منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے، جہاں پرتگالی کپتان کا 7 میٹر بلند دیوہیکل مجسمہ متعارف کرایا گیا ہے۔
اس مجسمے میں رونالڈو کو ان کے عالمی شہرت یافتہ ’سیوو‘ (Siuuu) گول جشن کے مخصوص انداز میں دکھایا گیا ہے، جبکہ مجسمے پر پرتگال کی قومی ٹیم کی مشہور نمبر 7 والی جرسی بھی زیب تن ہے۔
مجسمے کی باقاعدہ رونمائی شنگھائی کی معروف ایسٹ نانجنگ روڈ (East Nanjing Road) پر واقع ایک میوزیم کے باہر کی گئی، جس میں مقامی و غیر ملکی فٹبال شائقین کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ اگرچہ کرسٹیانو رونالڈو خود مصروفیات کے باعث تقریب میں موجود نہیں تھے.
تاہم ان کے بڑے بھائی ہیوگو ایویرو (Hugo Aveiro) اور قریبی دوست میگوئل پائیکساو (Miguel Paixão) نے تقریب میں خصوصی شرکت کر کے رونمائی کی گنتی مکمل کی۔ اس موقع پر موجود مداحوں نے بھی رونالڈو کے مخصوص انداز میں ’سیوو‘ کے نعرے لگا کر بھرپور جشن منایا۔
مجسمے کی رونمائی کے ساتھ ہی شنگھائی میں ’سی آر 7 میوزیم‘ (CR7 Museum) کا بھی باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ تقریباً 3 ہزار مربع میٹر کے وسیع رقبے پر پھیلے اس میوزیم میں 10 خصوصی موضوعاتی حصے (Themed zones) بنائے گئے ہیں، جہاں رونالڈو کے شاندار فٹبال کیریئر سے وابستہ 40 سے زائد نایاب یادگار اشیا، ٹرافیاں، تاریخی جرسیز اور فٹبال شوز نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔
شائقین کی خصوصی دلچسپی کے لیے میوزیم کے اندر پرتگال میں رونالڈو کے آبائی علاقے مڈیرا (Madeira) میں واقع ان کے بچپن کے بیڈ روم کے طرز کا ایک خصوصی کمرہ بھی تیار کیا گیا ہے، جہاں مداح ان کی ابتدائی زندگی اور جدوجہد کی جھلک دیکھ سکتے ہیں۔
چینی مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رونالڈو کا یہ 7 میٹر بلند مجسمہ دسمبر 2026ء کے اختتام تک عوامی نمائش کے لیے نصب رہے گا، جبکہ سی آر 7 میوزیم کے ایک سال تک کھلا رہنے کی توقع ہے۔





