کراچی (ویب ڈیسک): کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس (PECHS) کے رہائشی اور آئی بی اے (IBA) کے 25 سالہ گریجویٹ میر رضا علی کی ہلاکت کے معاملے پر قائم سنگل رکن جوڈیشل کمیشن نے پولیس کی تحقیقاتی کارروائی کو “ایپک فیلئر” (Epic Failure) اور “بغیر کپتان کے بحری جہاز” (Rudderless Ship) قرار دے دیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس عمر سیال (Justice Omar Sial) کی سربراہی میں قائم اس کمیشن نے اپنی تفصیلی ایگزیکٹو سمری وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کر دی ہے۔
کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شواہد ضائع کرنے، پیشہ ورانہ غفلت اور سینئر افسران کی نااہلی کی وجہ سے پولیس کیس کی بنیاد ہی تباہ ہو گئی۔
ابتدائی طور پر پولیس نے اسے خودکشی قرار دینے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم 8 اگست کو قبر کشائی اور دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد یہ بات حتمی طور پر ثابت ہو گئی کہ میر رضا کو پشت پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد FIR میں قتل اور شواہد مٹانے کی دفعات شامل کی گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سینئر پولیس افسران اپنی انا اور غلطی ماننے سے بچنے کے لیے خودکشی کے مفروضے پر ہی ڈٹے رہے اور انہوں نے بنیادی شواہد کو پسِ پشت ڈال دیا۔ کمیشن کے مطابق ابتدائی مرحلے میں منظم کور اپ (Cover-up) کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔
کمیشن نے سفارش کی ہے کہ عوام اور متاثرہ خاندان کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈی آئی جی عرفان بلوچ (DIG Irfan Baloch) کی سربراہی میں ایک جے آئی ٹی تشکیل دی جائے، جس میں آئی ایس آئی (ISI)، آئی بی (IB)، پاکستان رینجرز سندھ اور این سی سی آئی اے (NCCIA) کے سینئر نمائندے شامل ہوں۔
کمیشن نے سفارش کی ہے کہ کیس کے ابتدائی 10 دنوں میں غفلت اور بدعنوانی کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف ایف آئی اے (FIA) کی سربراہی میں پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 201، 166(2) اور 218 کے تحت مجرمانہ مقدمات درج کیے جائیں اور پولیس فورس علانیہ طور پر متاثرہ خاندان سے معافی مانگے۔





