ابوظہبی / دبئی: اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ پر خودکش طیارہ حملے کی سازش کے الزام میں گرفتار 29 سالہ عمانی کو-پائلٹ نے متحدہ عرب امارات (UAE) کے تفتیش کاروں کے سامنے اعترافِ جرم کرتے ہوئے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل ڈاکٹر حمد سیف الشامسی کے مطابق، ملزم نے بتایا کہ اس کے انتہا پسندانہ نظریات 2017 میں آسٹریلیا میں تعلیم کے دوران پروان چڑھے تھے۔
ملزم پر الزام ہے کہ اس نے 30 ستمبر 2026 کو ‘فلائی دبئی’ (flydubai) کی پرواز FZ1073 کے دوران کاک پٹ میں ایمرجنسی کلہاڑی (Emergency Axe) سے کپتان پر حملہ کیا تاکہ طیارے کا کنٹرول سنبھال کر تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ کے مسافر ٹرمینل سے ٹکرا کر نائن الیون (9/11) جیسا بڑا حادثہ رونما کر سکے۔
آسٹریلیا میں انتہا پسندی کا آغاز: ملزم نے بتایا کہ میلبورن میں آر ایم آئی ٹی (RMIT) یونیورسٹی میں پڑھائی کے دوران وہ انتہا پسندانہ تحریروں اور تکفیری سوچ سے متاثر ہوا اور نائن الیون کے حملوں کو اپنی تحریک کا ذریعہ بنایا۔
پرواز کے دوران ملزم نے کپتان پر کلہاڑی سے حملہ کیا۔ تاہم آف ڈیوٹی پائلٹ اور کیبن کرو نے کاک پٹ میں داخل ہو کر ملزم کو قابو کر لیا۔
عملے کی بروقت کارروائی کے بعد طیارے کو تبوک ایئرپورٹ (سعودی عرب) کی طرف موڑ کر محفوظ لینڈنگ کروا لی گئی۔
ملزم نے 2020 سے 2024 تک عمان ایئر، 2025 میں رائل ایئر ماروک اور جنوری 2026 میں فلائی دبئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سیکیورٹی اور کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تمام جانچ پڑتال کے باوجود اس کے انتہا پسندانہ رجحانات کا علم نہ ہو سکا۔





