لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک شہر کےرہائشیوں کیلئےبڑی خوشخبری: میٹروپولیٹن اوپیرا ہاؤس ٹکٹ لاٹری کے ذریعے 70,000 مفت ٹکٹ فراہم کرے گا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: اگر آپ لنکن اسکوائر پر واقع مشہور زمانہ ‘میٹروپولیٹن اوپیرا ہاؤس’ (Metropolitan Opera House) کی شاندار فنکارانہ کارکردگی دیکھنے کا شوق رکھتے ہیں، تو نیویارک انتظامیہ آپ کے لیے ایک بہترین موقع لے کر آئی ہے۔

سٹی آف نیویارک نے 2026-27 کے سیزن کے دوران نیویارک کے ان شہریوں کے لیے 70,000 بالکل مفت ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے پہلے کبھی میٹ اوپیرا کے شوز میں شرکت نہیں کی۔

منصوبے کے تحت میٹروپولیٹن اوپیرا ہر ماہ 10,000 مفت ٹکٹس ایک شفاف ڈیجیٹل لاٹری کے ذریعے جاری کرے گا، جس کے تحت ہال کے ہر سیکشن کی نشستوں کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی۔

نیویارک کے میئر زوہران ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) نے اس تاریخی اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: “اوپیرا ایک بہترین عالمی آرٹ فارم ہے، اور اس کا تجربہ کرنے کے لیے میٹروپولیٹن اوپیرا سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہے۔ لیکن فن صرف ان لوگوں کے لیے مخصوص نہیں ہونا چاہیے جو اس کا خرچ اٹھا سکتے ہیں۔

نیویارک کے ہر شہری کو ان نشستوں پر بیٹھنے اور اس عظیم اسٹیج کا تجربہ کرنے کا مساوی حق حاصل ہونا چاہیے، چاہے ان کے بینک اکاؤنٹ میں رقم کتنی ہی کیوں نہ ہو۔”

مفت ٹکٹس کی لاٹری میں حصہ لینے کے لیے نیویارک کے شہریوں کو ‘میٹ اوپیرا ایپ’ (Met Opera App) میں اپنا ڈرائیونگ لائسنس یا ‘IDNYC’ کارڈ اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ قرعہ اندازی شو والے دن سے ایک دن قبل صبح 8:00 بجے ہوگی، جبکہ امیدوار شو سے ایک دن پہلے صبح 7:45 بجے تک درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

کامیاب امیدواروں کو ای میل اور ایپ نوٹیفکیشن کے ذریعے اطلاع دی جائے گی اور ٹکٹ شو سے دو گھنٹے قبل ایپ میں موصول ہو جائیں گے۔ شہری اس لاٹری کے ذریعے ایک سیزن میں زیادہ سے زیادہ 6 ٹکٹس اور فی شو 2 ٹکٹس حاصل کر
سکتے ہیں۔

https://www.metopera.org/app/opera-for-all/