واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور میڈیا کے درمیان جاری شدید تنازع کے دوران وائٹ ہاؤس نے اپنا لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم ‘ٹرمپ ٹی وی’ (Trump TV) لانچ کر دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس پلیٹ فارم پر انتظامیہ سے متعلق اعلانات، اہم لمحات اور تازہ ترین معلومات ہر وقت دستیاب ہوں گی۔
یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کے تمام بڑے نشریاتی اداروں نے تین معروف خبری اداروں (سی این این، ایم ایس ناؤ، اور پولیٹیکو) کی وائٹ ہاؤس میں اینٹری پر پابندی کے خلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوریج کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔
اے بی سی، سی بی ایس، این بی سی، اور فاکس نیوز جیسے بڑے نیٹ ورکس نے بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی پول کوریج روک دی ہے۔
میڈیا بائیکاٹ کی وجہ سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور چینی صدر شی جن پنگ کے دورۂ وائٹ ہاؤس سمیت کئی اہم پیشرفت کی براہِ راست نشریات شدید متاثر ہوئی ہیں۔
یہاں تک کہ وائٹ ہاؤس میں نئے ہیلی پیڈ کی تقریب کی صرف ویب سائٹ پر اسٹریمنگ کی گئی جس میں آواز بھی واضح نہیں تھی۔
خبر رساں اداروں اور میڈیا کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں روایتی میڈیا کو “کینسر” اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ “آزاد صحافت” پر نہیں بلکہ “فیک نیوز” پر حملہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب، وائٹ ہاؤس سے نکالے گئے تینوں خبری اداروں نے امریکہ کی آئینی پہلی ترمیم کی خلاف ورزی پر عدالت سے رجوع کر لیا ہے جس پر سماعت بدھ کو مقرر کی گئی ہے۔




