نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی اور شعبہ برائے نقل و حمل (NYC DOT) کے کمشنر مائیک فلن نے برونکس کے مصروف اور خطرناک ترین کوریڈور پر ‘ٹریمونٹ ایونیو بس وے’ (Tremont Avenue Busway) کے منصوبے کی کامیابی سے تکمیل کا اعلان کر دیا ہے۔
اس منصوبے سے Bx36 روٹ پر روزانہ سفر کرنے والے 39,000 سے زائد مسافروں کو تیز رفتار اور بلا تاخیر بس سروس میسر آئے گی۔
یہ نیا بس وے ہفتے کے ساتوں دن صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک فعال رہے گا۔ اس مخصوص روٹ پر صرف بسوں، 6 یا اس سے زائد پہیوں والے ٹرکوں، ایمرجنسی گاڑیوں اور ‘ایکسس اے رائڈ’ (Access-a-Ride) گاڑیوں کو مکمل راہداری میں سفر کی اجازت ہوگی، جبکہ عام گاڑیوں اور ٹیکسیوں کو صرف مقامی داخلے کے لیے محدود اجازت ہوگی اور انہیں اگلے راستے سے فوراً مڑنا ہوگا۔
میئر زوہران ممدانی نے اس تاریخی پیشرفت پر بات کرتے ہوئے کہا: “دو ماہ قبل ہم نے برونکس کی اس دیرینہ التوا کا شکار بس وے بنانے کا وعدہ کیا تھا اور آج یہ باقاعدہ طور پر فعال ہو چکی ہے۔ 39,000 روزانہ مسافروں کے لیے اس کا مطلب ٹریفک کے ازدحام سے نجات اور وقت کی بچت ہے۔ ہم ایک ایسا نیویارک بنا رہے ہیں جو اپنے شہریوں کے وقت کا احترام کرتا ہے اور سڑکوں کو سب کے لیے محفوظ بناتا ہے۔”
ٹریمونٹ ایونیو برونکس کی انتہائی خطرناک سڑکوں میں شمار ہوتی تھی جہاں 2020 سے 2024 کے دوران مختلف حادثات میں 4 افراد جان بحق اور تقریباً 630 افراد زخمی ہوئے۔
نئے بس وے منصوبے کے ساتھ ہی این وائی سی ڈی او ٹی (NYC DOT) نے 8 اہم چوراہوں پر سڑکوں کے ڈیزائن میں تبدیلیاں، پیدل چلنے والوں کے لیے کراسنگ کو چھوٹا اور محفوظ بنانے جیسے اقدامات بھی شامل کیے ہیں تاکہ سڑک حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔




