نیویارک: نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی اور این وائی سی پارکس (NYC Parks) کی کمشنر ٹریشیا شیما مورا نے اعلان کیا ہے کہ شہر نے مالیاتی سال 2026 میں ریکارڈ 18,261 نئے درخت لگائے ہیں، جو کہ 2016 کے بعد سے کسی بھی ایک مالیاتی سال میں درخت لگانے کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
حکام کے مطابق ان نئے درختوں سے تمام پانچوں اضلاع (Boroughs) میں ہوا کو صاف بنانے، سڑکوں کا درجہ حرارت کم کرنے اور سیلابی خطرات کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔ درختوں کی زیادہ تر تعداد ان علاقوں میں لگائی گئی ہے جو شدید گرمی (Extreme Heat) سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ یہ اقدام نیویارک کے ‘اربن فاریسٹ پلان’ کا حصہ ہے، جس کا مقصد 2040 تک شہر کو 30 فیصد گرین کور (Tree Canopy) فراہم کرنا ہے۔
میئر زوہران ممدانی نے اس موقع پر کہا: “ہماری انتظامیہ ایک ایسا شہر بنا رہی ہے جہاں ہر محلے میں شہری سائے، صاف ہوا اور خوبصورت درختوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ہریالی اور شدید گرمی سے بچاؤ کی سہولیات کسی زپ کوڈ (ZIP Code) پر مبنی نہیں ہونی چاہئیں، اور یہی ہماری ترجیح ہے۔”
پارکس کمشنر ٹریشیا شیما مورا نے کہا کہ کلائمٹ چینج کی وجہ سے گرمی کی لہروں میں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیشِ نظر ادارے کے ماہرین نے جدید طریقے اپنا کر نئے پودوں کی بروقت دیکھ بھال یقینی بنائی ہے۔ نیا ریکارڈ قائم کرنے والے اس مشن کے تحت برونکس، بروکلین، مین ہٹن اور کوئنز کے کئی کمزور اور شدید گرمی سے متاثرہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر سرسبز بنایا گیا ہے۔




