واشنگٹن: امریکی حکومت نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ ایرانی حکام کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا کا ویزا جاری کر دیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی صدر اور وزیرِ خارجہ نیویارک میں منعقد ہونے والے اقوامِ متحدہ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے ایران کے اہم وفد اور ضروری عملے کے ویزے منظور کر لیے ہیں، تاہم اس بار نیویارک آنے والے وفد میں شامل اراکین کی تعداد گزشتہ سالوں کی نسبت کافی کم رکھی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اقوامِ متحدہ کا میزبان ملک ہونے کے ناطے امریکا نے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے تاکہ ایرانی حکام جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے ہفتے میں شرکت کر سکیں۔
تاہم امریکی حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ ایرانی وفد کا یہ دورہ سخت سفری پابندیوں سے مشروط ہوگا۔ ایرانی سفارت کاروں اور حکام کی نیویارک شہر میں نقل و حرکت اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر اور مخصوص محدود علاقوں تک ہی محدود رہے گی۔





