لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

امریکامیں 28 سالہ بھارتی انجینئر کی پراسرار موت، حیدرآباد میں غم کی لہر

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن / حیدرآباد: امریکا میں مقیم بھارتی شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ سول انجینئر محمد جابر حسین شادی کے صرف 17 دن بعد ریاست میساچوسٹس میں اچانک انتقال کر گئے۔ ان کی اچانک موت کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے، جبکہ اہلِ خانہ پوسٹ مارٹم اور میڈیکل رپورٹس کے منتظر ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق محمد جابر حسین امریکی شہر لوویل، میساچوسٹس (Lowell, Massachusetts) میں رہائش پذیر تھے اور بطور سول انجینئر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے 28 اگست 2026 کو ٹیکساس میں شادی کی تھی، جس کے بعد وہ اپنی ملازمت کی ذمہ داریوں کے سلسلے میں واپس میساچوسٹس چلے گئے تھے۔

اہلِ خانہ کے مطابق جابر حسین کی آخری بار 14 ستمبر کو اپنے گھر والوں سے بات ہوئی تھی۔

گفتگو کے تقریباً 8 گھنٹے بعد ان کے روم میٹ نے خاندان کو اطلاع دی کہ جابر حسین اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے ہیں۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ ان کی موت نیند کے دوران ہوئی، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور قانونی میڈیکل رپورٹس کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔

جابر حسین کے والد محمد ذاکر حسین نے بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر سے جذباتی اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے کی میت امریکا سے حیدرآباد واپس لانے میں حکومت فوری مدد فراہم کرے۔ خاندان نے قانونی کارروائی اور میت کی منتقلی کے بھاری اخراجات کے پیشِ نظر مالی معاونت کی بھی درخواست کی ہے۔

مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان امجد اللہ خان نے بھی معاملے کو اٹھاتے ہوئے بھارتی وزارتِ خارجہ سے درخواست کی ہے کہ امریکا میں قائم بھارتی سفارتی مشن مقیم حکام سے رابطہ کرے تاکہ میت کی باوقار وطن واپسی ممکن بنائی جا سکے۔

محمد جابر حسین کا تعلق حیدرآباد کے علاقے سنتوش نگر سے تھا۔ وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے 2021 میں امریکا منتقل ہوئے تھے اور انہوں نے ‘یونیورسٹی آف نیو ہیون، کنیکٹی کٹ’ (University of New Haven, Connecticut) سے 2023 میں سول انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، جس کے بعد وہ امریکہ ہی میں ملازمت کر رہے تھے۔