ٹمنز، اونٹاریو: کینیڈا کی یونیورسٹی آف واٹرلو کی طلبا راکٹری ٹیم نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے تیار کردہ مائع ایندھن (Liquid Fueled) والے راکٹ ‘پولارِس’ (Polaris) کو 63,497 فٹ (تقریباً 19.3 کلومیٹر) کی بلندی تک پہنچا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
یہ تاریخی کامیابی کینیڈا کے شہر ٹمنز، اونٹاریو میں منعقدہ ‘2026 لانچ کینیڈا چیلنج’ (Launch Canada Challenge 2026) مقابلے کے دوران حاصل کی گئی۔ واٹرلو کی ٹیم نے اس لانچ کے ذریعے 56,590 فٹ کا سابقہ عالمی ریکارڈ کامیابی سے توڑ دیا۔
پولارِس راکٹ کی لمبائی 17 فٹ ہے اور مکمل ایندھن بھرنے کے بعد اس کا کل وزن تقریباً 300 پاؤنڈ ہے۔
امسال راکٹ کے انجن میں زبردست بہتری لائی گئی تاکہ ابتدائی لانچ کے دوران راکٹ کو زیادہ سے زیادہ استحکام مل سکے اور وہ زیادہ سے زیادہ بلندی حاصل کر سکے۔
راکٹ کو زمین پر محفوظ واپس لانے کے لیے اس کے پیراشوٹ اور ریکوری سسٹم کو متوقع پریشر اور قوت سے 10 گنا زیادہ قوت برداشت کرنے کے قابل بنایا گیا تھا۔
مکینیکل انجینئرنگ کی دوسرے سال کی طالبہ اور ٹیم کی مستقبل کی ٹیکنیکل لیڈ نیوا پٹیل (Niva Patel) نے اس لمحے کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لانچ سے قبل کا وقت شدید دباؤ کا حامل تھا، تاہم جب راکٹ بلندی پر پہنچا، نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوا اور پیراشوٹ کامیابی سے کھلے تو پوری ٹیم فرطِ جذبات سے جھوم اٹھی۔




