نیویارک: اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر دنیا بھر کے سربراہان کی آمد کے ساتھ ہی نیویارک شہر میں سیکیورٹی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کی کمشنر جیسیکا ٹش نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس کے تمام دنوں میں مسلسل مظاہروں اور ریلیوں کی تیاری کی گئی ہے۔
توقع ہے کہ ان میں سے کم از کم تین بڑے مظاہرے اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی شرکت کے خلاف ہوں گے، جبکہ دیگر ریلیاں غزہ کی حمایت اور ایران میں جاری جنگ کے خاتمے کے مطالبات کے سلسلے میں نکالی جائیں گی۔
کمشنر جیسیکا ٹش نے بیان میں کہاکہ “ہر سال جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مظاہروں اور ریلیوں میں اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے اور اس سال بھی صورتحال مختلف نہیں ہے۔ حسبِ روایت NYPD شہریوں کو آئین کی پہلی ترمیم (First Amendment) کے تحت پرامن احتجاج کی مکمل سہولت فراہم کرے گی، تاہم کسی بھی قسم کے تشدد، انتشار یا سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔”
اس سال جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والوں اور شرکت کرنے والوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو، یوکرینی صدر ولودی میر زیلینسکی اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان جیسے اہم عالمی رہنما شامل ہیں۔




