نیویارک: نیویارک شہر کے میئر زوہران ممدانی اور چیف کلائمیٹ آفیسر لوئس ینگ نے برانزول کے معروف تجارتی علاقے ‘پٹکن ایونیو’ (Pitkin Avenue) میں چار جدید ترین بس شیلٹر چھتوں کی تنصیب کا اعلان کیا ہے۔
اس پائلٹ پروجیکٹ میں نیویارک شہر کی تاریخ کا سب سے پہلا ‘گرین روف بس شیلٹر’ (Green Roof Bus Shelter) بھی شامل ہے، جس کا مقصد شدید گرمی اور بارشوں کے دوران بس کے منتظر مسافروں کو ٹھنڈا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
اس منصوبے میں مقامی پودے، جڑی بوٹیاں اور جنگلی پھول اگائے گئے ہیں جو نہ صرف علاقے کو شاداب بنائیں گے بلکہ مکھیوں اور تتلیوں (Pollinators) کے لیے قدرتی ماحول اور درجہ حرارت میں کمی کا سبب بنیں گے۔ اس کے ساتھ ہی، تین دیگر بس شیلٹرز پر جدید ہیٹ ریزیلئنٹ فلمز لگائی گئی ہیں جو سورج کی شعاعوں کو منعکس (Reflect) کر کے ارد گرد کا درجہ حرارت کم رکھتی ہیں۔
میئر زوہران ممدانی نےکہا “موسمیاتی تبدیلیاں نیویارک کی زندگی کو بدل رہی ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم شہریوں کو بس اسٹاپس پر بھی تحفظ دیں۔ یہ پروجیکٹ بس کا انتظار کرنے والے مسافروں کے سفر کو محفوظ اور آرام دہ بنائے گا۔”
چیف کلائمیٹ آفیسر لوئس ینگ کاکہنا تھا کہ “ایک بہترین بس سروس کی شروعات مسافروں کے انتظار کے تجربے کو بہتر بنانے سے ہوتی ہے۔ ہم برانزول کی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ اسے شہر کے تمام پانچوں اضلاع تک وسعت دی جا سکے۔”
ڈی او ٹی کمشنر مائیک فلائن اور ایلیزبیتھ ایڈمز: حکام کے مطابق یہ قدم ‘Next Stop: Fast Buses, Better Service’ وژن کا حصہ ہے، جس سے ناصرف بسیں تیز ہوں گی بلکہ شدید گرمی اور طوفانی بارشوں کے دوران شہریوں کو بہترین تحفظ ملے گا۔
یہ منصوبہ ریزیلئنٹ سٹیز کیٹالسٹ (RCC) اور پٹکن ایونیو بزنس امپروومنٹ ڈسٹرکٹ (BID) کی شراکت داری سے شروع کیا گیا ہے، جس کے ذریعے برانزول کے رہائشیوں سے انگریزی اور ہسپانوی زبانوں میں آن لائن سروے کے ذریعے تجاویز بھی لی جا رہی ہیں۔





