نیویارک: نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کی 62 ویں پریسنکٹ نے پیغمبرِ اسلام حضرت محمدؐ کے یومِ ولادت کے سلسلے میں منعقد کیے گئے سالانہ جلوسِ عید میلاد النبیؐ میں مقامی مسلم کمیونٹی کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔
اس پروقار تقریب کے موقع پر پولیس انتظامیہ نے کمیونٹی ممبران کے ساتھ مل کر خوشیوں کا اظہار کیا اور مذہبی احترام کا پیغام دیا۔
62 ویں پریسنکٹ کی انتظامیہ نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ انہیں مقامی مسلم برادری کے ساتھ اس سالانہ دینی و ثقافتی جلوس میں شمولیت پر فخر ہے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ 62 ویں پریسنکٹ اپنے علاقے کی تمام متنوع مذہبی و ثقافتی برادریوں کے تحفظ اور ان کے مذہبی تہواروں کو پرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منعقد کروانے کی ضمانت دینے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
اس موقع پر مقامی مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں اور شہریوں نے پریسنکٹ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور جلوس کی حفاظت اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کو سراہا۔





