لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

العین کےہاتھوں شرمناک شکست کےبعدکرسٹیانو رونالڈوکاالنصرمیں مستقبل خطرےمیں،جنوری میں کلب چھوڑنےکاامکان

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

ریاض: سعودی فٹبال کلب ‘النصر’ کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا کلب میں مستقبل ایک بار پھر شدید سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ اے ایف سی چیمپئنز لیگ ایلیٹ (AFC Champions League Elite) کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں العین کلب نے النصر کو 4-0 سے عبرتناک شکست دے دی، جس کے بعد النصر ویسٹرن ریجن کی لیگ ٹیبل پر آخری نمبر پر چلی گئی ہے۔

15 ستمبر کو کھیلے گئے اس میچ میں رونالڈو کی جانب سے گول پر کی گئی 5 کوششوں میں سے صرف ایک شاٹ نشانے پر لگا جسے العین کے گول کیپر خالد عیسیٰ نے باآسانی روک لیا۔ العین کے حسین رحیمی نے دو، جبکہ سوفیانے رحیمی اور جارجیوس گیکوماکیس نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔ اس شکست کو کرسٹیانو رونالڈو کے کیریئر کی سب سے بھاری شکست قرار دیا جا رہا ہے۔

سابق النصر ترجمان اور سعودی اسپورٹس صحافی سعود السرامی نے ‘العربیہ ایف ایم’ سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ رونالڈو جنوری کی ٹرانسفر ونڈو میں النصر کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔

السرامی نے رونالڈو کو النصر کے لیے ایک ‘تھکا ہوا اثاثہ’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردیوں کی ٹرانسفر ونڈو میں کلب کے تکنیکی اور معاشی مسائل حل کرنے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے رونالڈو کی ممکنہ روانگی کا موازنہ کریم بینزیما کے سعودی فٹبال سے جانے سے کیا، تاہم واضح کیا کہ حتمی فیصلہ خود رونالڈو کریں گے۔

النصر گزشتہ چار میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کر سکی ہے جس کے باعث ٹیم کی انتظامیہ اور رونالڈو پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ رونالڈو نے بھی حال ہی میں ووگ (Vogue) کو دیے گئے انٹرویو میں اشارہ دیا تھا کہ 2026-27 سیزن ان کے شاندار پروفیشنل کیریئر کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔