نیویارک: نیویارک کے مشہور علاقے ‘لٹل اٹلی’ (Little Italy) میں اطالوی ثقافت، تاریخ اور لذیذ کھانوں سے محبت کرنے والوں کے لیے سال کا سب سے بڑا میلہ سجنے جا رہا ہے۔ رواں سال یہ تاریخی ‘سان جنارو فیسٹیول’ (San Gennaro Feast and Festival) اپنی 100 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ جمعرات سے شروع ہونے والا یہ شاندار فیسٹیول 27 ستمبر تک جاری رہے گا۔
منتظمین کے مطابق یہ ملک کا سب سے بڑا اور مقبول ترین فیسٹیول ہے، جس میں 300 سے زائد وینڈرز اور لاکھوں سائقین شرکت کرتے ہیں۔ فیسٹیول بنیادی طور پر کینال سٹریٹ (Canal Street) اور ہیوسٹن سٹریٹ (Houston Street) کے درمیان واقع ‘ملبیری سٹریٹ’ (Mulberry Street) پر منعقد ہو رہا ہے۔
شائقین روایتی اطالوی مٹھائیوں جیسے زپولی (Zeppoles)، کینولی (Cannolis)، اور اطالوی سوسیج اور پیپرز کے ذائقوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
فیسٹیول کا سب سے بڑا روایتی جلوس 26 ستمبر کو نکالا جائے گا۔
یہ فیسٹیول ‘سان جنارو’ کی یاد میں منایا جاتا ہے جو اٹلی کے شہر بینیوینٹو کے بشپ تھے اور 305ء میں شہید ہوئے تھے۔ وہ نیپلس کے سرپرست بابا (Patron) مانے جاتے ہیں اور شہری آگ، زلزلے اور وباؤں سے تحفظ کے لیے ان سے دعا کرتے ہیں۔
سال 1926ء میں نیپلس سے آئے اطالوی مہاجرین نے اس میلے کی شروعات لٹل اٹلی میں صرف ایک دن کے ایونٹ کے طور پر کی تھی۔ آج 100 سال بعد یہ فیسٹیول 11 بلاکس اور 11 دنوں پر محیط ایک عظیم الشان عالمی میلے کی شکل اختیار کر چکا ہے۔




