لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیویارک: ساؤتھ برونکس میں’لیجونیلا’بیکٹیریاکا انکشاف، ینکیزاسٹیڈیم کی کولنگ ٹاوربھی متاثرہ لسٹ میں شامل

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک شہر کے علاقے ساؤتھ برونکس میں پھیپھڑوں کی بیماری ‘لیجونیلا’ (Legionella) کے پھیلنے کی تحقیقات کے دوران ہیلتھ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ینکیز اسٹیڈیم سمیت 10 مختلف عمارتوں کی کولنگ ٹاورز میں اس بیکٹیریا کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق اتوار کے روز 10 کولنگ ٹاورز کے پی سی آر (PCR) ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جس کے بعد تمام متعلقہ اداروں کو 14 ستمبر تک ٹاورز کی مکمل صفائی اور ڈس انفیکشن کا حکم دے دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ سے صرف بیکٹیریا کی موجودگی کا پتہ چلتا ہے، لیکن یہ ثابت نہیں ہوتا کہ بیکٹیریا زندہ ہیں یا یہی ٹاورز بیماری کے پھیلنے کا اصل ذریعہ ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ صرف زندہ بیکٹیریا ہی انسانوں کو بیمار کرنے کا سبب بنتے ہیں۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ اگر اگست کے آخر سے اس علاقے میں رہنے، کام کرنے یا دورہ کرنے والے کسی بھی شخص میں زکام یا فلو جیسی علامات ظاہر ہوں تو وہ فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

پانی اور ایئر کنڈیشنر کا استعمال محفوظ: متاثرہ زپ کوڈز (ZIP Codes) میں نل کا پانی پینا، نہانا اور ایئر کنڈیشنر (AC) استعمال کرنا بالکل محفوظ ہے۔

عمارتوں کے اندر جانے میں کوئی خطرہ نہیں: حکام نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان 10 عمارتوں کے اندر جانے یا رہنے میں اضافی کوئی خطرہ نہیں ہے۔

شہریوں کی رہنمائی اور سوالات کے جوابات کے لیے منگل کی شام 6 بجے برونکس کے میٹروپولیٹن کالج میں ایک بالمشافہ ‘ٹاؤن ہال’ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جہاں شہری پبلک ہیلتھ آفیشلز سے براہ راست بات چیت کر سکیں گے۔

پی سی آر ٹیسٹ میں مثبت آنے والی 10 کولنگ ٹاورز درج ذیل پتوں پر واقع ہیں:

234 E. 149th St.
1 E. 161st St. (Yankee Stadium)
470 E. 161st St.
1265 Franklin Ave.
567 Melrose Ave.
3339 Park Ave.
1160 Teller Ave.
890 Washington Ave.
1085 Washington Ave.
820 Concourse Village West

حکام کے مطابق ساؤتھ برونکس کے اس پھیلاؤ کے دوران اب تک 5 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ اس سے قبل جولائی کے آغاز میں اپر ایسٹ سائیڈ پر سامنے آنے والے ایک کلسٹر میں 90 سے زائد کیسز سامنے آئے تھے اور 9 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔